بھٹکل،5/ فروری (ایس او نیوز) گرام پنچایت کے لئے مختص فنڈ کو غیر مجازی طورپر تعلقہ پنچایت کی عمارت کے لئے استعمال کرنے اور اعلیٰ افسران کے سرکیولر میں ترمیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ماولّی 2 گرام پنچایت سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں کے ایک وفد نے کارروار پہنچ کر ضلع پنچایت سی ای او پریانگا اور ڈپٹی کمشنر مولئی مہیلن کو میمورنڈم پیش کیا ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ فروری 2020 میں ماولّی 2 کے لئے 6.49 لاکھ روپے کا فنڈ موصول ہوا تھا ۔ اس وقت ماولّی 1 اور ماولّی 2 گرام پنچایت کے لئے ایک سیکریٹری کی ذمہ داری ایک ہی شخص کے پاس تھی ۔ یہ رقم ماولّی 1 میں موجود تعلقہ پنچایت کی عمارت کی مرمت کے لئے خرچ کرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔ اس پر مقامی لوگوں کی طرف سے اعتراض جتانے اور حق اطلاعات قانون کے تحت اس تعلق سے سرکیولر اور دوسرے دستاویزات طلب کرنے پر گرام پنچایت افسر نے اعلیٰ افسران کے احکام میں ترمیم کرکے کاغذات فراہم کیے ہیں ۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس طرح سرکاری کاغذات میں پنچایت افسران کی طرف سے ترمیم کرنا ایک سنگین معاملہ ہے ۔ اس لئے اس معاملہ کے علاوہ مزید کتنے کاغذات میں اس طرح کی ترمیمات کی گئی ہیں اس کی پوری گہرائی سے جانچ کی جانی چاہیے ۔ اور قصورواروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جانی چاہیے ۔
اس موقع پر جنا شکتی ویدیکے کے صدر مادھو نائیک کے علاوہ ستیش نائک ، جٹپّا نائک، وسنت نائک ، کرشنا نائک ، اودئے نائک موجود تھے۔